Description
Author: Muhammad Izhar_ul_haq
Categories: Memories
Pages:
Publisher: Books Corner
Cover: Hardcover
Book description :محمد اظہار الحق صاحب بلامبالغہ وطنِ عزیز پاکستان کی ایک باکمال علمی و ادبی شخصیت ہیں۔ یہ روایتی بات نہیں بلکہ امرِ واقع ہے کہ اُنھوں نے اُردو ادب کو نئی اصطلاحات، تراکیب، اُسلوب اور موضوعات سے مالا مال کیا ہے۔ چونکہ وہ جو کہنا چاہتے ہیں اُس پر اُن کا ظاہر و باطن یکسو اور واضح ہے، اس لیے اُن کے لفظوں اور بیان میں بلا کی تاثیر ہے گویا ’’از دل خیزد بر دل ریزد‘‘ کی دل کش عملی تصویر۔ پاکستان کا روایتی معاشرہ اقدار کے جس خوب صورت پیکر پر سر بلند کھڑا ہے، محمد اظہار الحق نے اپنے خونِ دل سے اُس کو رنگ و روپ بخشا ہے، اس لیے اُن کے لفظ سانس لیتے، بولتے، مکالمہ و بحث کرتے اپنا مؤقف منواتے، ہنستے مسکراتے اور دکھ درد کے اظہار کی صورت میں اشکبار بھی نظر آتے، صرف نظر نہیں آتے، بلکہ قاری کو اپنے ساتھ ملا لیتے ہیں، کوشش اور محنت سے نہیں، اپنی تاثیر اور سچائی ہے۔ تصورات اور احساسات کی تجسیم (Personification) اور اُس میں بلا کی دلکشی اور بے ساختہ پن اُن کی شاعری اور نثر کا زندۂ جاوید وصف ہے، جو آج صرف اُنہی کے ساتھ مخصوص ہے۔ اظہار الحق صاحب کا قلب و روح مشرقی اقدار، خاندانی سٹرکچر کی اُستواری، اپنی سرزمین اور آب و خاک سے بے انتہا اور غیر مشروط محبت سے لبریز ہے، جس کی آج ہمیں، ہمارے معاشرے اور ملک کو اشد ضرورت ہے، اس لیے اُن کے فکر و ہنر کی جس قدر تعریف اور پذیرائی کی جائے، کم ہے۔ اُنھیں فارسی زبان و ادب پر مکمل عبور ہے اس لیے اُن کی فارسی اور اُردو شاعری اور اُردو نثر اسلوب اور بلاغت کے اعتبار سے نہایت عمدہ، دل نشین اور قابلِ تقلید ہے۔ محمد اظہار الحق کو ’’سمندر، جزیرے اور جدائیاں‘‘ کی اشاعت پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد۔ یقیناً اُن کی تحریروں کے اِس موضوع وار انتخاب کو بہت پذیرائی ملے گی اور اسے خوب سراہا جائے گا۔ مصنف کے ساتھ ساتھ اِس عمدہ انتخاب کے ناشرین ’’بک کارنر‘‘ جہلم کے گگن شاہد اور امر شاہد کو بھی بہت بہت بہت مبارک باد کہ اُنھوں نے قارئین کو شاہکار تحریریں شاندار طباعت کے ساتھ پڑھنے کے لیے فراہم کیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر
ڈائریکٹر جنرل، ادارۂ فروغِ قومی زبان، اسلام آباد، پاکستان